$ پاٹیا: ایک انوکھا پکوان $




بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

از قلم:- محمد عثمان ابنِ سعید بمبوی

متعلم: فارسی دوم جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین ڈابھیل

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

          جنوبی گجرات، ہند کے تاریخی گاؤں ڈابھیل میں ایک ڈِش بنام پاٹیا مشہور و مقبول ہے۔ یہ ڈِش" لحم البقر" کے قیمے سے تیار کی جاتی ہے۔ متنوع اقسام کے مسالے اس میں درکار نہیں ہوتے؛ بلکہ صرف قیمہ، نمک اور مرچ ہی اسے پکانے میں مستعمَل ہوتے ہیں۔

          اسے بنانے میں کافی وقت اور محنت لگتی ہے؛ جب کہ کھانے میں لوگ زیادہ دیر نہیں لگاتے، فٹافٹ پلیٹ صاف کر دیتے ہیں اور سنی ہوئی انگلیوں کو بھی چاٹے بنا چین نہیں پاتے۔

          اسی گاؤں میں واقع مشہور و معروف مدرسہ جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین کے تشنہ کامانِ علومِ دین بڑے شوق سے پاٹیا پکاتے بھی ہیں اور اتنے ہی ذوق کے ساتھ دکانوں سے خرید کر کھاتے بھی ہیں۔ 

          یوں تو ڈابھیل و اطرافِ ڈابھیل میں کافی ساری پاٹیے کی دکانیں ہیں؛ لیکن محمد بھائی پاٹیا والا کافی مقبول ہیں۔ ہفتہ واری تعطیل کو بعد نمازِ جمعہ ان کی دکان پر طلبا کا ایسا ہجوم ہوتا ہے کہ ایک آدھ گھنٹہ انتظار کے شدید مرحلے سے بھی گزرنا پڑتا ہے، تب جا کر پاٹیے سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آتا ہے۔مشہور عربی فقرہ عین مطابقِ حقیقت ہے کہ 'الأنتظار أشد من الموت' لیکن پاٹیے کی دکان پر طلبا کا دل اندر سے آواز دیتا ہے کہ: 

صرف آدھے گھنٹے کی تو بات ہے

پاٹیے پر تو روز و شب قربان ہے


گوارا ہے ہمیں زحمتِ انتظار

رگ و پے میں جب تک جان ہے


          لاک ڈاون کے اس جانکاہ زمانے میں ہم طلبا اپنے اپنے گھروں پر ہی قیام پذیر ہیں۔ گھی میں تلی ہوئی روٹیاں، نفیس و عمدہ ترکاریاں، ڈومینوز کے پزا اور میکڈونلڈ کا برگر کھا کر دل سراپا شکر بن جاتا ہے؛ لیکن اُس وقت دل کا چور ظاہر ہوجاتا ہے اور زبان ناشکری پر اتر آتی ہے جب ڈابھیل کا پاٹیا یاد آتا ہے۔ 


          اگر آپ نے ابھی تک پاٹیا نہیں چکھا تو ڈابھیل آئیے اور اپنے دامن سے حرماں نصیبی کا داغ مٹائیے۔ ہم آپ کا بصد خلوص استقبال کرتے ہیں اور أھلاً و سھلاً کہتے ہیں۔ اگر آپ کی رضا ہو تو ہماری طرف سے دعوت رہے گی، بس! جاتے جاتے بِل بھرتے جائیے گا۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

# ہم مسلمان اپریل فول کیوں منائیں؟ APRIL FOOL #

من الظلماتِ الی النور (عربی اول کا یادگار سال)

اجلاسِ صد سالہ: مختصر رپورٹ